راولپنڈی میں 60 سالہ شخص 12 لاکھ کی انعامی رقم نکلنے کا سن کر دم توڑ گیا
راو لپنڈی: پرائز بانڈ کے ذریعے 12 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا نکلنے کا سن کر 60 سالہ شخص دل کا دورہ پڑنے سے دم توڑ گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انتہائی غریب گھرانے سے تعلق رکھنے والا راولپنڈ ی کا 60 سالہ ضرار نامی شخص کے پاس کافی عرصے سے پرائز بانڈ موجود تھا جس کی اس نے کبھی خبر نہیں لی تھی تاہم آج وہ اچانک 22 نمبر چونگی کے قریب بینک میں پہنچا اور انعامی اسکیم کے حوالے سے اپنے پرائز بانڈ کا نمبر چیک کروایا تو بینک انتظامیہ کی جانب سے اسے بتایا گیا کہ اس کا 12 لاکھ روپے کا انعام نکلا ہے، یہ خبر سنتے ہی ضرار کو دل کا دورہ پڑا جس کے بعد بینک انتظامیہ نے ریسکیو ٹیم کو فون کیا تاہم امدادی ٹیم کے پہنچنے سے پہلے ہی وہ دم توڑ گیا۔
ریسکیو راولپنڈی کے ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضرار کو پرائز بانڈ کی انعامی رقم کا سن کر خوشی سے دل کا دورہ پڑا اور وہ بینک کے احاطے میں ہی دم توڑ گیا جس کےبعد اس شخص کی لاش کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔